پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے) کے پائلٹ کی غفلت کے باعث ٹورنٹو ایئرپورٹ پر طیارہ حادثے سے بچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی ٹورنٹو سے اسلام آباد کے لیے پرواز 782 کا پائلٹ بغیر کلیئرنس کے ٹیکسی قطار میں داخل ہو گیا اور اسی دوران سیول سے آنے والا ایئرکینیڈا کاطیارہ بھی اسی رن وے پر لینڈنگ کے لیے فائنل اپروچ کر رہا تھا۔
صورتحال کو دیکھتے ہوئے ایئرٹریفک کنٹرولر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کینڈین پرواز کو بروقت مطلع کیا اور اسے لینڈنگ سے روک کر فضا میں چکر لگانے کو کہا۔
طیارے کوٹیکسی کرتے دیکھ کر کینیڈا کے طیارے کو15 منٹ تاخیر سے لینڈ کرایا گیا، پی آئی اے کی پرواز کو کینیڈین طیارے کی لینڈنگ کے ایک منٹ بعداسلام آباد روانہ کیا گیا۔
پی آئی اے پائلٹ کی مبینہ غفلت پر ایئر لائن انتظامیہ نے سخت نوٹس لیتے ہوئے کپتان کو کاک پٹ ریسورسز مینجمنٹ کورس دوبارہ کرنےکےاحکامات جاری کر دیے ہیں۔