کراچی : کرونا وائرس کے معاملے پر پی آئی اے نے کپتانوں اور فضائی میزبانوں کیلئے احتیاطی تدابیر جاری کردی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک اپنے ہوٹلز کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے سے گریز کریں ۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کپتانوں اور فضائی میزبانوں کیلئے احتیاطی تدابیر جاری کردی ہے، پی آئی اے کے چیف پائلٹ اسٹینڈرڈ انسپیکشن کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے۔
جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک جانیوالی پروازوں کے کپتان اور فضائی عملہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور بیرون ملک اپنے ہوٹلز کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے سے گریز کریں جبکہ کپتان اور عملہ ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کرے۔
پی آئی اے کے بوئنگ777،ایئر بس 320اور اے ٹی آر طیارے کے فضائی عملے کو عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کپتان اور فضائی عملہ مسافروں کے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم مکمل طریقے سے پُر کروائے جائیں، ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم ناصرف چین بلکہ بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں اور کیبن کریو پُر کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کی بیرون ملک سے آنیوالی پروازوں کے کپتان اور فضائی عملہ ایئرپورٹ پر اپنی مکمل ہیلتھ اسکریننگ بھی کرائیں گے۔
دوسری جانب پی آئی اے کے کپتانوں کی نمائندہ تنظیم پالپا نے بھی اپنے ممبران کو کرونا وائرس سے بچاو کے لئے بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی بھی ہدایت جاری کردی ہے۔