کراچی: پی آئی اے کے لاپتہ ملازمین کو نامعلوم افراد شہرکے مختلف علاقوں میں چھوڑ گئے، احتجاجی مارچ کی کال واپس لے لی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سو فرووری کو کراچی ایئرپورٹ پر جاری احتجاج میں سے پی آئی اے کے چار ملازمین لاپتہ ہوگئے تھے جن کی بازیابی کے لئے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سمیت سیاسی جماعتوں نے بھی سخت موقف اختیارکیا تھا۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت کوآج صبح تک کی مہلت دی تھی جس کے بعد جناح ٹرمینل کی جانب مارچ کرنے کا اعلان کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
ایکشن کمیٹی کی دھمکی کارگرثابت ہوئی اورچاروں ملازمین کو نامعلوم افراد شہر کے مختلف علاقوں میں چھوڑ کرچلے گئے، ذرائع کے مطابق دو افراد کونارتھ کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پرچھوڑا گیا ہے۔
نامعلوم افراد کی قید سے بازیاب ہونے والے ملازمین کاکہنا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکارہے اورمسافروں کو درپیش تمام ترتکلایف کی ذمہ دار مرکزی حکومت ہے۔
پی آئی کی نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج گزشتہ بارہ روز سے جاری ہے اور دو فروری کو کراچی میں فائرنگ کے واقعے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد ملازمین نے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ملک بھر میں فلائٹ آپریشن بند کردیا تھا جو کہ حکومت کی تمام تر کوششوں کےباوجود ابھی تک مکمل طور پربحال نہیں ہوسکا ہے۔