کراچی: پاکستان ایئر لائن نے اصلاحاتی پروگرام پر عمل در آمد کرتے ہوئے سعودی عرب کے لیے پروازوں میں مزید اضافےکااعلان کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اےپشاورسےدمام کیلئےپروازوں کاآغازکررہی ہے جبکہ جدہ اور مدینے کے لیے بھی قومی ایئر لائن پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی جس سے ایئر لائن کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی پرواز19ستمبر کو پشاور سےدمام کے لیے روانہ ہوگی جس کے بعد پی آئی اےکی دمام کے لیے پروازوں کی مجموعی تعداد9ہوجائےگی۔
بتایا جارہا ہے کہ قومی ایئر لائن آئندہ ماہ پشاورسےمدینہ کے لیے بھی پرواز کا آغاز کررہی ہے اور پشاور سمیت مزید 3پروازوں کا آغاز کیا جائے گا جس کے بعد پاکستان سے مدینہ جانے والی پروازوں کی مجموعی طور پر تعداد 12ہوجائے گی۔
اسی طرح پی آئی اے مدینہ اور دمام کے ساتھ ساتھ جدہ کے لیے بھی اپنی پروازوں میں اضافہ کررہی ہے، پی آئی اے اس وقت جدہ کے لیے 35پروازیں آپریٹ کر رہی ہے جن میں اضافہ کرکے ان کی تعداد کو 42 تک لے جایا جائے گا۔
ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف شہروں سے مدینہ ، جدہ اور دمام جانے والی پروازوں میں اضافے سے پی آئی اے کے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔