کراچی: پی آئی اے نے یورپی، برطانوی اور امریکی فضائی آپریشن کی بحالی کیلئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے نے یورپی، برطانوی اور امریکی فضائی آپریشن کی بحالی کیلئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں پاکستانی ایوی ایشن حکام کی ٹیم برسلزروانہ ہوگی ، جہاں ٹیم یورپی فضائی ایجنسی کو آپریشن بحال کرنے کیلئے اقدامات پر آگاہ کرے گی۔
پی آئی اے اور وزارت ہوابازی کی ٹیم امریکا ستمبر میں روانہ ہوگی جبکہ ہیتھرو ایئرپورٹ کے سلاٹس کو محفوظ بنانے کیلئے پی آئی اے ٹیم فوری طور پر برطانیہ جائے گی۔
یاد رہے رواں سال جون میں یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کا کہنا تھا کہ یورپی یونین کی تھرڈ کنٹری آپریٹرز سے متعلق ریگولیشن کے تحت پروازوں پر پابندی اٹھانے سے قبل پی آئی اے کا آڈٹ لازمی ہوگا۔،
ایجنسی کے مطابق یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی پاکستان سی اے اے اور کے حالیہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن اکاؤ کے آڈٹ کا جائزہ لے گی۔
ادارے کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کے آڈٹ کے علاوہ پاکستان کی طرف سے مزید پیش رفت کا بھی جائزہ لینا ضروری ہے۔
سی اے اے اور پی آئی اے کی طرف سے کئے گئے اقدامات پر غور اور جائزہ لیا جائے گا اور اس تمام پیش رفت کا جائزہ لیکر پی آئی اے کی یورپ کے لیے براہ راست پروازوں پر پابندی ہٹانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔