اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، کراچی اور لاہور کے بعد اسلام آباد میں بھی طیاروں کی اوور ہالنگ کا آغاز کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے نے تکنیکی خود کفالت حاصل کرنے کے منصوبے کے تحت اسلام آباد میں بھی بوئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ کی سہولت شروع کر دی۔
ایک بوئنگ 777 پر چیک ’اے‘ مکمل کر لیا گیا اور مقررہ مد ت کی تکمیل کے بعد ضروری مینٹینینس کا عمل مکمل ہونے پر ایک ٹرپل سیون طیارہ اڑان بھرنے کے لیے تیار ہو گیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارے کی جانچ کرنے کے بعد اسے اڑان بھرنے کے لیے فٹ قرار دے دیا۔
پی آئی اے کے سی ای او ائیر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں اس سہولت کے آغاز سے پی آئی اے کی تیکنیکی خود کفالت میں نمایاں اضافہ ہونے کے ساتھ قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔
ان کے مطابق اسلام آباد میں انجینیئرنگ کی سہولت دوسری ایئر لائنوں کو فراہم کرنے سے زرمبادلہ بھی حاصل ہوگا۔
اس سے قبل یہ سہولت صرف کراچی میں میسر تھی تاہم دو ماہ قبل لاہور میں بھی اس کا آغاز کردیا گیا تھا۔
2 ماہ قبل لاہور میں بوئنگ 777 طیاروں کی اوور ہالنگ اور مینٹینینس کا عمل مکمل کیا گیا تھا جس کے بعد بوئنگ طیارہ قابل پرواز ہوگیا تھا۔