پشاور : پی آئی اے نے اکنامک زون ڈیولپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے ملازم کے خلاف مقدمہ درج کرادیا، ملزم نے پی آئی اے کے سیکورٹی گارڈ کے روکنے پر اس پر تشدد کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں پی آئی اے کی مقامی انتظامیہ نے خیبر پختونخواہ اکنامک زون ڈیولپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے ملازم کے خلاف پی آئی اے کے پشاور صدر میں واقع دفتر میں سیکورٹی پر معمور پی آئی اے کے سیکورٹی گارڈ کی جانب سے دفتر میں زبردستی داخل ہونے سے روکنے پر سیکورٹی گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنانے پر ایف آئی آر درج کرادی گئی ہے۔
سرحد ڈیولپمنٹ اتھارٹی گزشتہ کئی برس سے پی آئی اے کی کرایہ دار ہے۔ معاہدہ کرایہ داری ختم ہونے کے بعد پی آئی اے کی جانب سے دفتر خالی کرنے کے لئے متعدد نوٹس دیئے گئے لیکن مذکورہ اتھارٹی ان کی تعمیل نہیں کر رہی۔
گزشتہ روز ان کی جانب سے غیر قانونی طور پر دفتر کی تزئین و آرائش کے لئے سامان سے لدے ٹرک منگوائے گئے جن کو روکا گیا جس کے بعد انہوں نے ڈیوٹی پر موجود سیکورٹی گارڈ کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس حوالے ترجمان پی آئی اے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ کی رپورٹ متعلقہ ایجنسیوں کو کر دی گئی ہے اور اس واقعہ پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔