کراچی : پی آئی اے کو طیاروں کی کمی کا سامنا ہے، تین ایئر بس320طیارے گراونڈ ہونے کی وجہ سے آپریشن متاثر ہورہے ہیں، ایئربس 320بی ایل وی رجسٹریشن کا حامل طیارہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے گراؤنڈ ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ شعبہ انجینئرنگ نے طیارے کے پرزہ جات نکال کر دوسرے طیاروں میں لگا دیئے جس کی وجہ سے اس کی مرمت نہ ہوسکی، دیگر دو طیارے بھی پرزہ جات نہ ہونے کی وجہ سے عرصہ دراز سے گراؤنڈ ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال سے کھڑے طیارے کا انجن باہر سے منگوالیا گیا ہے آئندہ ماہ اڑان بھرنے کے قابل ہوگا، دیگر دو ایئر بس 320طیارے کی بھی مرمت کا کام جاری ہے جلد ہی اڑان بھرنے کے قابل ہوجائیں گے۔
ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں بعض سیکٹر پر لوڈ نہ ہونے کی وجہ سے پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک شعبہ انجینئرنگ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،۔
رجمان کے مطابق عرصہ دراز سے کھڑے طیاروں کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے، بوئنگ 777طیارہ بھی جون کے پہلے ہفتے میں اڑان بھرنے کے قابل ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ اے آروائی نیوز پر ناکارہ طیاروں سے متعلق خبر نشر کرنے کے بعد پی آئی اے کے سی ای او نے خصوصی نوٹس لیا تھا۔