کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے 97 مسافروں میں سے اب تک 64 کی میتیں ورثا کے حوالے کردی ہیں، ورثا کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ طیارہ حادثہ میں 97 مسافر جاں بحق ہوئے، جس میں سے اب تک 64 کی میتیں ورثا کے حوالے کر چکے ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ سے25 جاں بحق افرادکی شناخت ہوئی، جن کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہے، اس وقت 11 مسافروں کی میتیں چھیپا کے پاس ہیں جب کہ 22 میتیں ایدھی کے سرد خانے میں ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ ایک ڈی این اے ٹیسٹ ابھی میچ ہونا باقی ہے، انتظامیہ،کراچی یونیورسٹی ٹیسٹ جلد مکمل کرنے کی کوشش میں ہیں، ورثا کے دکھ اور درد میں برابر کے شریک ہیں۔
دوسری جانب ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا طیارہ حادثے میں 97میں سے68میتوں کی شناخت ہوگئی، 39 میتوں کوجسمانی طورپرشناخت کیا گیا۔
مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ 22 کےڈی این اےمیچزکی کراچی یونیورسٹی کی فرانزک لیب نے تصدیق کی ، 7 کی تصدیق پنجاب فرانزک لیب نے کی جبکہ 29 کی تصدیق ہونا باقی ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔