لاہور : پی آئی طیارہ حادثہ میں شہید ہو نیوالی ایئر ہوسٹس انعم خان کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی طیارہ حادثہ میں شہید ہو نیوالی ایئر ہوسٹس انعم خان اور خاتون مسافرفاطمہ کی میتیں نجی ایئر لائنز کے ذریعے لاہور پہنچیں، دونوں کا نماز جنازہ پہلے ایئر پورٹ پر پی آئی اے ملازمین نے اور پھر خاندان کے افراد نے میاں میر دربار میں ادا کیا گیا، نمازجنازہ میں پی آئی اے ملازمین شریک ہوئے۔
ایئر ہوسٹس انعم خان کے ساتھ کام کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ انعم انتہائی محنتی دیانتدار اور بہترین کردار کی حامل تھی۔
کراچی سے لاہور تک نجی ائیرلائن میں لائی جانے والی میتوں کے تمام تر اخراجات پی آئی اے نے برداشت کیے۔
خیال رہے کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والی ائیر ہوسٹس انعم خان گھر کی واحد کفیل تھی اور اپنے بہن بھائیوں کی شادی کرناچاہتی تھی، شہید ہونے والی ائیر ہوسٹس انعم خان کے گھر دھرم پورہ میں عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کا اظہار افسوس کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے تھے۔