منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

کراچی طیارہ حادثہ، جاں‌ بحق افراد کی تعداد 97 ہو گئی، 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : ( رپورٹ : صلاح االدین، شاہ نواز، نذیر شاہ ) پی آئی اے کا طیارہ کراچی ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں‌ 97 افراد جاں‌ بحق ہوگئے، طیارے کے 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے، وزیر اعظم نے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کےقریب جناح گارڈن میں پی آئی اے کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں‌ 97 افراد جاں ‌بحق ہو گئے. پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 لاہور سے کراچی آ رہی تھی، طیارہ گرنے پر سول ایوی ایشن کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کی گئی جب کہ سول ایوی ایشن، ریسکیو اور پولیس کی ٹیموں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

طیارہ گرتے ہی ہولناک آگ لگ گئی اور پورے علاقے میں دھواں ہی دھواں پھیل گیا ہے، طیارہ گرنے کے مقام پر گھروں کو نقصان پہنچا اور گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ 97 میں سے 19 افراد کی شناخت کی جا چکی ہے، جناح اسپتال میں 66، سول اسپتال میں 31 میتیں لائی گئیں۔

- Advertisement -

اطلاعات کے مطابق طیارہ خالی مقام پر گرا، طیارہ ایئر بس 320 میں 100سے زائد مسافر موجود تھے ، کپتان نے کنٹرول ٹاورکو طیارے کے لینڈنگ گیئرمیں خرابی کی اطلاع دی اور کپتان کو گائیڈ لائن دینے کےدوران طیارہ ریڈار سے غائب ہوا۔

ترجمان پی آئی اے نے ایئربس320 کے گرنے کی تصدیق کردی ہے اور پی آئی اے کے آپریشنل ملازمین کو ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے،سی ای او پی آئی اےایئرمارشل ارشد ملک کا ناگہانی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اےجبکہ سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کےطیارے میں 99مسافر اور 8 کریو ممبر سوار تھے۔

ڈی آئی جی نعمان صدیقی کا کہنا تھا کہ طیارہ گرنے سے زمین پر 4 گھر تباہ ہوئے ہیں، طیارہ گرنے کی جگہ کا گھیراؤ کر کے مکمل سیل کیا گیا۔

حادثہ لینڈنگ سے چند لمحے پہلے ہوا ،تحقیقات جاری ہیں، ترجمان پی آئی اے


ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ طیارے کا 2بجکر37منٹ پر ایئرکنٹرولر سےرابطہ منقطع ہوا ، حادثہ لینڈنگ سے چند لمحے پہلے ہوا ،تحقیقات جاری ہیں، طیارے میں فنی خرابی سے متعلق قیاس آرائیاں ہیں، طیارہ حادثہ متاثرین سے فوری رابطے کیلئے کام شروع کردیاگیا۔

طیارہ حادثہ، پائلٹس اورکریو ممبر کے نام سامنے آگئے


ایئر بس 320کے پائلٹ سجاد گل اور فرسٹ آفیسر عثمان اعظم تھے جبکہ کریو ممبر میں فرید احمد چوہدری، عبدالقیوم اشرف ، عصمہ شہزادی ،مدیحہ ارم، آمنہ عرفان ،ملک عرفان عملےمیں شامل تھے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندہ ارباب چانڈیو کے مطابق طیارہ گرنے کے باعث گھروں میں موجود لوگوں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، متاثرہ گھر وں سےزخمیوں کو نکالا جارہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہ نواز کے مطابق حادثے کی جگہ پر لاشیں اور زخمی ملبے کے نیچے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں  ، لوگوں کو ریسکیو کرنے کی  کوشش کی جارہی ہے۔

طیارہ حادثے سے چند لمحہ قبل کپتان نے کنٹرول ٹاور سے گفتگو


طیارہ حادثے سے چند لمحہ قبل کپتان کی کنٹرول ٹاور سے گفتگو سامنے آگئی،کنٹرول ٹاور کے نمائندے نے کپتان کو آگاہی دی کہ رن وے تیار ہے،جس پر کپتان نے کہا مےڈے مے ڈے، طیارے کا انجن فیل ہوگیا ہے ، بیلی لینڈنگ کراؤں گا۔

طیارہ حادثہ ، آرمی کوئیک رسپارنس فورس اور رینجرز ریلیف آپریشن میں مصروف


دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی کوئیک رسپارنس فورس،رینجرز طیارہ گرنے کی جگہ پہنچ گئے، پاک فوج،رینجرز ،سول انتظامیہ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ آرمی ایوی ایشن کاہیلی کاپٹر جائے حادثے کی طرف روانہ کردیا گیا ہے اور اربن سرچ ریسکیوٹیمیں بھی جائے حادثہ پہنچ گئیں ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کےمطابق طیارے میں 102افرادسوارتھے، وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پی اور کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ وہ حادثے کی جگہ پر ہر ممکن امدادی کاموں کو یقینی بنائے۔

کراچی کے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ


وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے طیارہ گرنے پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کمشنر کراچی اورڈی آئی جی کو فون کرکے علاقے میں فوری پہنچنے کےاحکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نےحادثےمیں متاثرہ لوگوں کی فوری مددکرنےکی ہدایت کرتے ہوئے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی اور کہا اسپتالوں میں فوری طورپربلڈکابندوبست کیا جائے اور فوری سینئر ڈاکٹرزکوڈیوٹی پر پہنچیں، مجھے پل پل کی رپورٹ دی جائے۔

گورنرسندھ عمران اسماعیل نے طیارہ حادثہ کی پورٹ طلب کرلی


گورنرسندھ عمران اسماعیل نے پی آئی اے کا طیارہ گرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا چیئر مین پی آئی اے کو ٹیلیفون کرکے حادثہ کی پورٹ طلب کرلی ہے اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو جائے حادثہ پر امدادی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

آرمی چیف کا پی آئی اے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی آئی اے طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا مشکل کی اس گھڑی میں جاں بحق ہونیوالےمسافروں کےاہلخانہ کیساتھ ہیں جبکہ امدادی کاموں کیلئے سول انتظامیہ سےبھرتعاون کی ہدایت کردی ہے۔

وزیراعظم عمران خان اورصدر عارف علوی کا کراچی میں طیارہ حادثے پر اظہار افسوس


وزیراعظم عمران خان اورصدر عارف علوی نے کراچی میں طیارہ حادثے پر اظہار افسوس کیا ، وزیراعظم نے امدادی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے طیارہ حادثے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں