کراچی : پی آئی اے کے طیارہ حادثے کی جگہ سے ملبہ اٹھانے کا آپریشن جاری ہے تاہم طیارے کا انجن مخدوش عمارت میں پھنسے کے باعث ابھی تک نہیں نکالا جاسکا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے بد قسمت طیارے کا ملبہ اٹھانے کا آپریشن تاحال جاری ہے، طیارے کا ملبہ حادثے کی جگہ سے ایئرپورٹ شاہین ہینگر منتقل کیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارے کا انجن مخدوش عمارت میں پھنسے ہونے کی وجہ سے تاحال نہیں نکالا جاسکا لیکن تعمیراتی ماہرین، سی اے اے، پی آئی اے انجینئرز پیر کو انجن نکالنے کا آپریشن شروع کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر تکنیکی ماہرین کے علاوہ کسی اور نے انجن اتارنے کی کوشش کی تو عمارت زمین بوس ہوسکتی ہے، اسی یہ کام کسی بھی ریسکیو عملے سے نہیں کروایا جارہا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جائے حادثے سے مکینوں کی 10 سے زائد کاروں کا ملبہ بھی ہٹا دیا گیا، انجن نکالنے کے بعد ایس بی سی اے کو متاثرہ عمارتوں کے سروے کی اجازت ہوگی۔
طیارے کے دونوں انجن، بڑے پرزہ جات کو ملاکر طیارے کا ڈائیگرام تیار کیا جائے گا، طیارے کا ڈائیگرام بنانے کا مقصد حادثے کے محرکات کو جانچنا ہے۔
سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ فرانسیسی ماہرین کی ٹیم پیر کی صبح خصوصی طیارے سے فرانس روانہ ہوگی، ٹیم بلیک باکس، ایف بی آر، کاک پٹ وائس ریکارڈر ساتھ لیکر جائے گی۔
تحقیقاتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلیک باکس کی ڈی کوٹنگ کا عمل 2 جون سے شروع ہوگا، ڈی کوٹنگ کے بعد بلیک باکس، دیگر ڈیٹا ریکارڈر کی رپورٹ پاکستان کے حوالے کی جائیگی۔