کراچی: پی آئی اے کی پرواز بڑے حادثے سے بچ گئی، اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے سے پرندہ ٹکراگیا تاہم طیارے کو بحفاظت ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز کے انجن سےپرندہ ٹکراگیا، جس کے بعد کپتان نے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کی اجازت طلب کی تاہم طیارے کو باحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتارلیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرندہ جہاز کے ٹیک آف کے بعد بلند ہوتے ہوئے ٹکرایا تھا، پرواز پر 162 مسافر سوار تھے ، مسافروں کو لاوئنج میں منتقل کرکے جہاز کے نقصان کا جائزہ لیا جائے گا۔
پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کیلئےمتبادل جہازمہیاکردیاگیا ، پرواز پی کے368 سہ پہر4 بجے کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جہاز کے دائیں انجن کے بلیڈ ٹوٹنے کے آثار ہیں ، تفصیلی نقصان کا جائزہ بورواسکوپ کی مدد سے لیا جائے گا
خیال رہے ائیرپورٹ کے اطراف آبادی، آلودگی اور پرندوں کے روک تھام کا موثر نظام کا نا ہونا ایسے واقعات کی سبب بنتے ہیں ، فضائی حفاظت اداروں اور معاشرے دونوں کی ذمہ داری ہے اور ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔