لاہور: پی آئی اے کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پر حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے کے کپتان نے ایمرجنسی بریک لگا کر جہاز کو روکا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر پی آئی کا طیارہ حادثے سے بچ گیا، ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کے اجن سے پرندہ ٹکرا گیا تھا، ٹیک آف کے دوران طیارے کے ٹائر بھی پھٹ گئے، طیارے کے کپتان نے ایمرجنسی بریک لگا کر جہاز کو روکا۔
پی آئی اے کی پرواز پی کے 2057 تین سو پچانوے عازمین حج کو لے کر جدہ جارہی تھی، طیارے کے ٹائر پھٹنے کے واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں رن وے پر پہنچ گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے میں موجود تمام مسافر محفوظ ہیں، طیارے کے مسافروں کو لاؤنج منتقل کردیا گیا ہے، پی آئی اے کی دوسری پرواز عازمین حج کو لے کر جدہ روانہ ہوگی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کے جہاز کا اے سی خراب، نومولود بچہ بے ہوش
واضح رہے کہ قومی ایئرلائن کی اسلام آباد سے پیرس جانے والی پرواز سینٹرل ایئر کنڈیشننگ سسٹم میں خرابی پیدا ہونے کے سبب مسافر بلبلا اٹھے تھے جس کی شدت سے نومولود بچہ بیہوش ہوگیا تھا۔
نومولودبچے کے بیہوش ہونے پر بچے کی ماں چیخنے چلانے لگی، خاتون کی جانب سے بار بار دروازہ کھلوانے کی درخواست کی گئی تاہم پی آئی اے کا عملہ تماشا دیکھتا رہا اور جہازکے دروازے نہیں کھولے گئے۔
پی آئی اے کی انتظامیہ نے میڈیا پر خبر نشر ہونے کے بعد واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، فلائٹ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے پرواز پی کے 750 کے عملے کو طلب کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔