کراچی : قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کا طیارہ بڑے حادثے سے بچ گیا، پائلٹ کو روانگی کے 43 منٹ بعد ہی واپس لینڈنگ کرنا پڑی۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کے طیاروں میں فنی خرابیاں معمول بن گیا، پی آئی اے کی گوادر کی پرواز میں اچانک فنی خرابی ہوئی اور طیارے کو واپس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑا۔
ترجمان ایئرلائن نے بتایا کہ پرواز پی کے 503 صبح 8:13 بجے کراچی سے گوادر کے لیے روانہ ہوئی تھی ، روانگی کے بعد پائلٹ نے طیارے کے انجن میں فنی خرابی کا بتایا اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کو آگاہ کر کےپائلٹ نے 43 منٹ بعد واپس لینڈنگ کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ اے ٹی آر 42 طیارے کا کراچی ایئرپورٹ پر معائنہ کیا جا رہا ہے، شعبہ انجینئرنگ سے کلیئرنس ملتے ہی پرواز کو واپس گوادر روانہ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے کی پرواز میں اچانک خرابی، کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
یاد رہے گذشتہ ہفتے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں فنی خرابی کے باعث کپتان نے طیارے کو بحفاظت کراچی میں لینڈ کرایا تھا۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا تھا کہ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی، کپتان نے فوری طور پر کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور طیارے کی واپس کراچی لینڈنگ کی۔
ترجمان کے مطابق پی کے 300 کے کراچی سے ٹیک آف کے بعد لینڈنگ گیئر بند نہیں ہو رہا تھا، قومی ایئر لائن کے سی ای اوخرم مشتاق بھی کراچی سے اسلام آبادکی پروازمیں سوارتھے۔