لاہور : دبئی جانے والا پی آئی اے کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا لاہور سے دبئی جانے والا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا، پی آئی اے کی پرواز 203 سے پرندہ ٹکرایا۔
جس کے بعد کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا اور طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی ، اجازت ملنے پر کپتان نے طیارہ بحفاظت لینڈ کرا دیا اور 150 سے زائد مسافر محفوظ رہے۔
ذرائع نے بتایا کہ قومی ایئرلائن کی انجینئرنگ ٹیم کراچی سے پی کے 304 سے لاہورروانہ ہوگی، انجینئرز کی ٹیم طیارے کی بورواسکوپک انسپکشن کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکشن سے طیارے کے انجن کو پہنچنے والے نقصان کا اندازہ لگایا جائے گا۔
یاد رہے گذشتہ ماہ قومی ایئرلائن کے پائلٹ کی مبینہ غفلت و لاپرواہی نے مسافروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا تھا۔
ذرائع نے بتایا تھا قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 150 دمام سے ملتان جارہی تھی تاہم ملتان میں موسم کی خرابی دھند کے باعث پرواز کا رخ موڑا گیا، جس کے بعد لاہور کیلئے کپتان نے مرکزی رن وے پر لینڈنگ کے بجائے غلط رن وے پر اتار دیا۔