کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پی آئی اے طیارے اور پانی فراہمی پر مامور گاڑی میں تصادم ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق روانگی سے قبل کراچی ایئرپورٹ کے رن وے پر موجود اے ٹی آر طیارے کو پانی سپلائی پر مامور گاڑی طیارے کے نچلے حصے سے ٹکرا گئی۔
یہ حادثہ کراچی سے اسلام آباد کے لیے اضافی پرواز نمبر پی کے 8300 کے طیارے کو پیش آیا، گاڑی ٹکرانے سے رجسٹریشن نمبر اے پی بی ایچ ایچ کے حامل طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق پرواز کے مسافر لاؤنج میں طیارے پر منتقلی کے انتظار میں بیٹھے ہوئے تھے، اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، علی الصبح 6 بجے روانہ ہونے والی پرواز حادثے کے باعث 4 گھنٹے بعد منسوخ کر دی گئی۔
کینیڈا اور ملائیشیا کا ورک ویزا دلوانے کے لیے 1 کروڑ 33 لاکھ سے زائد رقم بٹورنے والے گرفتار
طیارے کو مزید چیک اپ کے لیے پی آئی اے انجینئرنگ روانہ کر دیا گیا ہے جب کہ پرواز کے مسافروں کو دیگر پروازوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
ڈرائیور معطل
پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے اور پانی فراہمی پر مامور گاڑی میں تصادم کا پی آئی اے انتظامیہ نے نوٹس لے لیا ہے، پی آئی اے کی فلائٹ سیفٹی نے ڈرائیور کو معطل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
اے ٹی آر طیارہ 4 ماہ بعد ٹھیک ہو کر اسلام آباد کے لیے اضافی پرواز پر روانہ ہونا تھا لیکن حادثہ ہو گیا، طیارے کے نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کو فوری ٹھیک کر کے دوبارہ آپریشنل کر دیا جائے گا۔