کراچی : پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے دور اقتدار میں پی آئی اے حال سے بے حال ہوئی، گزشتہ دس سال میں پی آئی اے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ائیرلائن پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ میں ہوشربا انکشافات کیے گئے ہیں، رہورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دس سال میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے دور اقتدار میں ادارے کے پاس سب سے کم طیارے اورادارہ بھی سب سے زیادہ نقصان میں رہا۔
اس حوالے سے دس سال میں ہونے والی قومی ائیرلائن کی تباہی کی آڈٹ رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔2013میں ن لیگ کی حکومت آنے پر پی آئی اے کے پاس 33 طیارے تھے جو حکومت جاتے جاتے صرف12رہ گئے، ن لیگ کی حکومت نے گزشتہ دس سال میں ڈرائی لیز پر سب سے زیادہ 20 طیارے حاصل کیے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق لیگی حکومت نے اپنے پہلے سال میں صرف ایک طیارہ جبکہ پانچ سال میں پی آئی اے کے اپنے طیارے برباد کرکے صرف ڈرائی لیز طیاروں پر انحصار کیا گیا۔ ویٹ لیز پر لیگی حکومت نے بھی خوب مال کمایا۔
لیگی حکومت نے اپنے پانچ سال میں20 طیارے ویٹ لیز پر لئے۔ آڈٹ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لیگی حکومت سے پہلے پانچ سال میں صرف 3 طیارے ویٹ لیز پر لئے گئے تھے۔ اس کے علاوہ فی طیارہ ملازمین کی تعداد میں بھی لیگی حکومت نے سب کو مات دے دی۔2014 میں فی طیارہ ملازم کی تعداد 565 رہی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس سال میں انٹرنیشنل مارکیٹ شئیر بھی ن لیگی حکومت میں بدترین رہا، اکتالیس فیصد کا انٹرنیشنل شئیر لیگی حکومت میں صرف 22 فیصد رہ گیا۔
ڈومیسٹک مارکیٹ شئیر میں بھی لیگی حکومت بدترین کارکردگی رہی۔2008 سے 2012 تک 70 فیصد سے زائد رہنے والا مارکیٹ شئیر58 فیصد پر آگیا۔