پیر, مئی 19, 2025
اشتہار

پی آئی اے خریدنے کے لیے درخواست کے ساتھ کتنے ہزار ڈالر جمع کرنے ہوں گے؟

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں کاروباری گروپوں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی فروخت کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، نجکاری کمیشن نے درخواستیں طلب کرنے کے لیے تاریخ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔

نجکاری کمیشن نے کہا ہے کہ پی آئی اے خریدنے میں دل چسپی رکھنے والے کاروباری گروپ 3 جون تک نجکاری کمیشن کو درخواست ارسال کر سکتے ہیں۔

قومی ایئر لائن کی نجکاری کے لیے درخواست کے ساتھ 5 ہزار امریکی ڈالر یا 14 لاکھ روپے ناقابل واپسی ارسال کرنے ہوں گے، کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت پی آئی اے کے 51 فی صد سے 100 فی صد تک شیئرز فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔


کتنے اداروں کی نجکاری، پی آئی اے کی کب تک ہوگی؟ قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش


یاد رہے کہ 12 مئی کو قومی اسمبلی میں اُن اداروں کی فہرست پیش کی گئی تھی جنھیں پرائیویٹائز کیا جا رہا ہے، کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے گزشتہ سال 2 اگست 2024 کو 24 اداروں کی نجکاری کی منظوری دی تھی، جن کی تین مراحل میں نجکاری کی جائے گی۔

فیز ون میں شامل اداروں کی ایک سال کے اندر، فیز 2 میں شامل اداروں کی ایک سے تین سال جب کہ فیز تھری میں شامل اداروں کی تین سے پانچ سال میں نجکاری کر دی جائے گی۔ نجکاری ڈویژن کے مطابق فیز ون میں پی آئی اے، فرسٹ وویمن بینک، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن، زرعی ترقیاتی بینک، پاکستان انجینئرنگ کمپنی پیکو، آئیسکو، گیپکو، فیسکو اور سندھ انجینئرنگ لیمٹڈ کی نجکاری کی جائے گی۔

فیز ٹو میں اسٹیٹ لائف، پاکستان ری انشورنس کمپنی، سنٹرل پاور جنریشن کمپنی، جامشورو پاور، ناردرن پاور جنریشن اور لاکھڑا پاور جنریشن کمپنی، لیسکو، میپکو ہزارہ الیکٹرک، حیدرآباد الیکٹرک، پشاور الیکٹرک اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔ جب کہ فیز تھری میں پوسٹل لائف انشورنس کمپنی کی نجکاری کی جائے گی۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں