اسلام آباد: پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ منظور ہو گیا، 51 سے 100 فی صد شیئرز فروخت ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاس میں قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کا منصوبہ منظور کر لیا گیا۔
منصوبے کے مطابق پی آئی اے کے 51 سے 100 فی صد شیئرز فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ہے، اجلاس میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔
انھوں نے نجکاری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ پی آئی اے کی مکمل صلاحیتیں اجاگر ہو سکیں، اس کی نجکاری کا فیصلہ قومی مفاد میں کیا گیا ہے، نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول بھی منتقل ہوگا۔
پی آئی اے کی نجکاری کا عمل ایک بار پھر تیز، تین گروپس نے دلچسپی ظاہر کردی
واضح رہے کہ 14 مارچ 2025 کو خبر دی تھی کہ عارف حبیب گروپ، ٹبا گروپ کے وائی بی ہولڈنگ، اور ایک اور گروپ نے پی آئی اے خریدنے میں دل چسپی ظاہر کی ہے، ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی خریداری کے لیے تینوں گروپوں کی اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تینوں گروپوں نے اپنی شرائط پر پی آئی اے کی خریداری میں دل چسپی ظاہر کی، گروپس نے شرط عائد کی ہے کہ ایف بی آر، پی ایس او، ایوی ایشن کے اربوں کے واجبات حکومت اپنے ذمے لے۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پی آئی اے کی نجکاری جولائی تک کرنے کا ہدف دیا ہے۔