لاہور: پی آئی اے نجکاری کے خلاف پنجاب کی متحدہ اپوزیشن نے دس فروری کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا ہے۔
لاہور میں قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید کے سربراہی میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم سیاہ کے موقع پر تمام لیبر جماعتوں کے دفاتر پر کالے جھنڈے لہرائے جائیں گے۔
اس موقع پر میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ سول ڈکٹیٹر فوجی آمروں سے زیادہ خطرناک فیصلے کررہا ہے، حکومت کا پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے کوئی واضح موقف نہیں جمہوریت کے نام پر کیے گئے فیصلوں کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔
جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت نے تیس جون سے قبل عالمی مالیاتی اداروں سے پی آئی اے کے نجکاری کا وعدہ کررکھاہے ۔
اس موقع پر حافظ سلمان بٹ کا کہنا تھا کہ حکمران منافع بخش اداروں کو ریوڑیوں کے بھاؤ اپنوں میں تقسیم کررہے ہیںنجکاری کی آڑ میں کسی کو غریب کے حق پر ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے۔