کراچی: قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کےخدشات جلددورکردیں گے۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ حفیظ نے امریکا کی جانب سے پی آئی اے پروازوں پر لگائی گئی پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد پروازیں بحال ہو جائیں گی۔
پابندی پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اےمیں اصلاحاتی عمل جاری ہے، امریکی ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ کےخدشات جلددور کر دیں گے اور امید ہے اصلاحات سےامریکی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کومطمئن کرلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پی آئی اے کی پروازوں پر فوری پابندی عائد کر دی
ترجمان نے کہا کہ امریکا کیلئے براہ راست خصوصی پروازوں کی اجازت دی گئی تھی، خصوصی پروازوں کو بعد میں مکمل آپریشن میں تبدیل ہونا تھا تاہم اجازت نامےکی منسوخی کےبعد نئے سرے سےاقدامات کیے جارہے ہیں۔
امریکی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ نے قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن( پی آئی اے) کا امریکا کے لیے خصوصی اجازت نامہ منسوخ کرتے ہوئے پروازوں پر فوری پابندی لگا دی ہے۔
امریکی ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پی آئی اے پروازوں کی سیفٹی پر تشویش کے باعث پابندی لگائی گئی، پابندی کی بنیادی وجہ پاکستانی پائلٹس کےلائسنس مشکوک قرار دیا جاناہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے امریکا کیلئے اپنی پروازیں نہیں چلاسکےگی اور پی آئی اے کی ہر قسم کی پروازوں پرپابندی لگا دی گئی ہے۔