کراچی : وزیراعظم کے مشیر برائے ایوی ایشن سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ جدید خطوط پر پی آئی اے کی تنظیم نو کرکے ائرلائن انتظامیہ میں تبدیلیوں کے ذریعے اس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی ائر لائن میں نئی روح پھونکی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز کاروباری شخصیت اور پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق ممبرعارف حبیب سے ملاقات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جو کہ ہوابازی کی صنعت میں صف اوّل کا مقام رکھتی تھی اب اس کو کمرشل کمپنی کے طور پر کام کرنا ہوگا اور اس میں کارپوریٹ کلچر کو فروغ دیا جانا چاہیئے۔
سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ پی آئی اے کو کامیاب ائرلائنوں میں شامل کرنے کے لئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تا کہ وہ دنیا کی کامیاب ائرلائنوں کی سطح پرآسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کا فیصلہ پی آئی اے کی تاریخ میں پہلی دفعہ کیا گیا ہے جس کے آنے والے وقتوں میں دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔
پی آئی اے کو منافع بخش بنانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس کے لئے اس کے انفراسٹرکچر، لوجسٹکس اور ہیومن ریسورسز میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر عارف حبیب نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سردار مہتاب قومی ائر لائن کی بہتری کےلئے دلیرانہ انداز میں مشکل فیصلے کر رہے ہیں۔