جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

ائیرہوسٹس کی تصویر پر تنقید، قومی ائیرلائن کا خوبصورت جواب

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی پی آئی اے کی عمر رسیدہ ائیرہوسٹس کی تصاویر پر تنقید کے بعد قومی ایئرلائن کی انتظامیہ بھی میدان میں آگئی اور تنقید کرنے والوں کو جواب میں مسکراتا پیغام دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ پر گزشتہ دنوں صابرہ نامی ائیرہوسٹس کی تصویر سوشل میڈیا ایکٹوسٹ نے جاری کی جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا کیونکہ انہوں نے اس تصویر کے ساتھ تضحیک آمیز الفاظ تحریر کیے تھے۔

برطانیہ میں مقیم خاتون صحافی شمع جونیجو نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر تصویر شیئر کرتے ہوئے تحریر کیا کہ ’’دنیا کی سب سے عمر رسیدہ (سینئر) ائیرہوسٹس اس چہرے کے ساتھ مسافروں کو خوش آمدید کہتی ہیں‘‘۔ اس ٹوئٹ میں انہوں نے ہنسنے والا ایموجی بھی استعمال کیا تھا۔

خاتون صحافی نے ٹوئٹ کیا تو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک طوفان برپا ہوگیا اور سب نے ائیرہوسٹس کا مزاق اٹھانے پر شمع جونیجو کو کرارے جوابات بھی دیے جبکہ کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ اگر کوئی خاتون محنت سے روزی کمارہی ہیں تو اس میں مذاق اٹھانے کی کوئی بات نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ہونے والی تنقید کے بعد شمع جونیجو نے ائیرہوسٹس (صابرہ) کی مزید تصاویر شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ جب پہلی تصویر شیئر کی تو صابرہ اسے دیکھ کر خود بھی ہنس پڑی تھی بعد ازاں انہوں نے مجھے اپنی دیگر تصاویر بھی دی اور ملازمت کے دوران پیش آنے والے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

اس تمام تر صورتحال کے بعد پی آئی اے کی انتظامیہ بھی میدان میں آئی اور انہوں نے ائیرہوسٹس کی تصویر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے شیئر کرڈالی

پی آئی اے ٹوئٹر پر شیئر ہونے والی صابرہ رضوی کی تصویر کے ساتھ لکھا گیا ہے کہ ’’آسمان کی بلندیوں پر مسکراتے چہرے کے ساتھ مسافروں کو خوش آمدید کہنے والی پی آئی اے کی جانثار ملازم جو بے خوفی کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہی ہیں‘‘۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں