اسلام آباد :پی آئی اے نے بر طا نیہ جانےوالی پروازوں کے کرایوں میں20فیصد کمی کردی ،ترجمان نے کہا ہے کہ رعایتی ٹکٹوں کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد کو فائدہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سے برطانیہ جانے والے مسافروں کیلئے اچھی خبر آگئی ، پی آئی اے نے برطانیہ جانے والی پروازوں کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کردی۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ کرائے میں20فیصد کمی پاکستان سے برطانیہ جانیوالے مسافروں کیلئے کی گئی ہے ، رعایتی ٹکٹوں کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد کو فائدہ حاصل ہوگا۔
خیال رہے بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں پی آئی اے کے دفاتر پر مسافروں کے رش کے پیش نظر آئندہ ہفتے میں قومی ایئرلائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا ہے۔
پی آئی اے آئندہ ہفتے سعودی عرب سے 10 ہزار افراد کو واپس لائے گی، جب کہ یو اے ای سے 15 ہزار افراد کو واپس لایا جائے گا، ان 25 ہزار مسافروں کو واپس لانے کے لیے 100 سے زائد پروازیں چلائی جائیں گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پروازوں کا مقصد ٹکٹس کی فراہمی آسان کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں جناح ٹرمینل کراچی سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں، اور ایک ہزار سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔