کراچی : پی آئی اے نے ٹوکیو کی منافع بخش پرواز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے کیخلاف ملک کی تاجر برادری نے احتجاج کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے منافع بخش ٹوکیو روٹ کو فروری2019 سے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹوکیو روٹ پرۤ16فروری سے ٹکٹوں کی فروخت بند کرنے کے لئے ای میل جاری کردی گئی۔
ای میل میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے صدر اور سی ای او کی ہدایات پر16 فروری سے ٹوکیو روٹ معطل کیا جائے، ڈی جی ایم پسجنر سیلز انٹرنیشنل کے مطابق وہ مسافر جنہیں ٹکٹس جاری کردیئے گئے ہیں ان کو جنوری2019 کی پروازوں میں ضم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
آپریشن معطل کرنے کے حتمی فیصلے سے قبل اسٹیشن کی کارکردگی اور حقائق سامنے رکھے جائیں، ہیڈ آفس روانہ کی جانے والی ریمیٹنسز73 فیصد اضافے کے ساتھ ہونے نو لاکھ ڈالرز سے 15 لاکھ 20ہزار ڈالرز رہیں، موجودہ سال جنوری تا نومبر میں 45 فیصد ریکارڈ گروتھ کے ساتھ ریونیو 145 ملین جاپانی ین رہا۔
اسی مدت میں اسٹیشن پر کارگو شرح میں بھی اضافہ ہوا، کاسٹ ریشو 70فیصد کے بجائے 57 فیصد تک لائے اور مقامی ملازمین کی سبکدوشی، ٹاؤن آفس اور ایئر پورٹ دفتر خالی کرنے کے لئے 6 ماہ پیشگی نوٹس لازمی ہے۔،
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی اور تاجر برادری کی جانب سے پرواز بند کرنے پر شدید احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پرواز بند ہونے کی صورت میں پاکستانیوں کو میتیں واپس لانے کے حوالے سے بھی مشکلات درپیش ہوں گی، دوسری ایئر لائن سے ایک میت ٹوکیو تا پاکستان لانے کے اخراجات کم ازکم دس لاکھ روپے کے مساوی ہیں۔
ٹوکیو پرواز کی بندش سے متعلق ترجمان پی آئی اے کا مؤقف ہے کہ طیاروں کی کمی اور خسارے کے باعث ٹوکیو اسٹیشن عارضی طور پر بند کیا جارہا ہے، دستیاب طیارہ منافع بخش روٹ پر ۤآپریٹ کیا جائے گا۔