کراچی : یوکرین روس تنازع کے باعث پی آئی اے کی ٹورنٹو جانے والی پرواز متبادل راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہے، پی آئی اے ک ٹورنٹو فلائٹ کی اوور فلائنگ کیلئے کلیئرنس میں دشواری کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوکرین اور روس کے تنازع کے باعث پی آئی اے کو مشکلات کا سامنا ہے اور کینیڈا جانیوالی فلائٹ آپریشن متاثر ہورہا ہے۔
پی آئی اے کی اسلام آباد سے ٹورنٹو فلائٹ کی اوورفلائنگ کیلئے کلیئرنس میں دشواری ہورہی ہے ، روس پرعالمی پابندیوں کے باعث اوورفلائنگ کے چارجز بھی ادا نہ کئے جاسکے۔
اسلام آباد سے کینیڈا روانہ ہونے والی پرواز کو کراچی کے راستے ری روٹ کردیا گیا، پرواز روس کے بجائے یورپی ممالک سے اوور فلائنگ کے ذریعے ٹورنٹو پہنچے گی۔
200سے زائد مسافروں پر مشتمل پرواز پی کے781کراچی سے دوپہر دو بجے روانہ ہوگی ، اسلام آباد سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز کو اب کراچی سے ایندھن بھر نے کی دوبارہ ضرورت پڑے گی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 17 گھنٹے کی نان اسٹاپ پرواز کیلئے جہاز کو کراچی میں ری فیول کیا جائے گا۔
یوکرین اور روس تنازعے کے باعث پرواز کی اوور فلائنگ چارجز کیلئے رقم اسٹیٹ بینک کوروس ٹرانسفر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
پابندی کی وجہ سے طیارہ اب جنوب کی جانب سے براستہ ایران ترکی اور یورپ سے ہوتا ہوا ٹورنٹو پہنچے گا، جس کے باعث پرواز کے دورانیہ میں اضافہ ہوگا۔
ترجمان نے بتایا کہ معاملے کو حل کرنے کیلئے ازسر نو منصوبہ بندی کررہے ہیں تاکہ مسافروں کو اسلام آباد سے براہ راست ٹورنٹو کی پرواز کی سہولت میسر ہوسکے۔