کراچی:پی آئی اے انتظامیہ نے پرواز کی روانگی سے قبل مسافروں کی گنتی کو لازمی قرار دے دیا،نئے حکم نامے میں کمسن اورشیر خوار بچوں کو بھی گنتی میں شمار کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے فلائٹ سروسز کی جانب سے جاری کردہ حکم نامہ کی کاپی اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے ،حکم نامہ بروز جمعہ 28 ستمبر سے نافذ العمل ہوگا۔
نئے حکم نامے کے تحت ملکی اور بیرون ملک جانے والی تمام پروازوں پر عمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے ، یہ حکم نامہ کینیڈا میں فضائی میزبان کی گمشدگی کے بعد جاری کیا گیا ہے۔پرواز کی روانگی سے پندرہ منٹ قبل مسافروں کی گنتی کاک پٹ کریو کے لازمی حوالے کی جائے گی۔
مسافروں کی گنتی کا موازنہ ٹرم شیٹ سے کیا جائے گا۔پرواز کی روانگی سے قبل کیبن کریو جہاز کے واش روم کی بھی جانچ لازمی کرے گا۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات مسافروں کی حفاظت کے پیشِ نظر کیے جارہے ہیں ، مسافروں کی گنتی سے کوئی بھی دوسرا مسافر غلطی سے بھی پی آئی اے کے ذریعے سفر نہیں کرسکے گا، اور کینیڈا جیسے کسی واقعے کی اطلاع فوری طور پر عملے کو ہوجائے گی۔