کراچی : قومی ائیر لائن پی آئی اے کی نجکاری اور اسے بھاری مالی بحران سے نکالنے کی قوی امید پیدا ہوگئی، جس کی وجہ ادارے کو قرضہ ملنے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے مالی بحران پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ کی سر توڑ کوششیں جاری ہیں، اس حوالے سے ایک بار پھر” بیل آؤٹ پیکج ” پر پیشرفت سامنے آئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ، کمرشل بینکس اور پی آئی اے حکام میں مذاکرات ہوئے جس کے بعد حکومت کی گارنٹی پر پی آئی اے کو بینکوں سے7.5ارب روپے ملنے کی امید روشن ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق 3بینکوں سے حکومتی قرضے پر آئندہ 2سے3روز میں حتمی فیصلہ متوقع ہے، پہلے مشروط آمادگی کے بعد پیچھے ہٹنے والے تینوں بینکوں سے دوبارہ معاملات میں پیشرفت ہوئی ہے۔
پی آئی اے کو مذکورہ قرضہ ملنے سے ملازمین کو تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ممکن ہوسکے گی، اس کے علاوہ پی ایس او کو بھی ادائیگیوں کے توازن میں بہتری آئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اےقرض ملنے کے بعد پلان بی پرزیادہ عمل درآمد کرے گا، انٹر نیشنل فلائٹس اور زیادہ ریونیو سیکٹر پر پروازوں کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
اس کے علاوہ پی آئی اے کو ریفنڈز کی ادائیگی میں بھی مسائل کا سامنا ہے، قرض کے حصول سے مالی مشکلات دور کرنے میں مدد ملے گی۔