کراچی : مالی بحران کا شکار قومی ایئرلائن ( پی آئی اے) کے چار بوئنگ 777 طیارے گراؤنڈ کردیے گئے، فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے طیاروں کی مین ٹیننس نہیں ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا مالی بحران اور شعبہ انجینئرنگ کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ادارے کے قیمتی اثاثہ جات ناکارہ ہونے لگے۔
قومی ایئرلائن کے 4 بوئنگ777 طیارے گراونڈ کردیئے گئے ، ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کے2عدد 777طیارے کئی سالوں سے گراونڈ ہیں ، بی جی ایل اور ڈی ایچ ڈبلیو رجسٹریشن کے حامل طیارے فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے مینٹننس نہ ہوسکی۔
غفلت و لاپرواہی کی وجہ سے طیارے کے پرزہ جات کا دوسرے طیاروں میں استعمال کی وجہ سے کھوکھلے ہوگئے ہیں، طیاروں کی مرمت کیلئے فی کس طیارے پر 30 سے 40 ملین ڈالر کی ضرورت ہے۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ 2 طیاروں میں سے ایک سی چیک پرہے اور دوسرے طیارے پرکلر کیا جارہا ہے۔
یاد رہے پی آئی اے کیلئے بیس ارب روپے کا نیا قرض اور حکومتی قرض چھ ماہ کیلئے ری شیڈول کرنے کا امکان ہے ، نیشنل بینک، بینک آف پنجاب سمیت آٹھ کمرشل بینک پی آئی اے کو نیا قرض دیں گے۔