کراچی: قومی ایئرلائن نے مالی بحران کے باعث منافع بخش روٹس بینکوں کو گروی رکھوانا شروع کردیے ہیں اور غیر ملکی بینک سے 15 ارب روپے کا قرضہ حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کا مالی بحران شدت اختیار کرگیا ہے، جس کے باعث ایئر لائن کو فضائی آپریشن چلانے میں بھی دشواریوں کا سامنا ہے، پی آئی اے نے فضائی روٹس گروی رکھوا کر15ارب روپے قرض لیا، قرضہ غیر ملکی بینک سے حاصل کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قرضے کی رقم آج قومی ایئر لائن کے اکاوٴنٹس میں منتقلی کا امکان ہے، قرضے کی سیکورٹی کے لئے سعودی عرب کے منافع بخش روٹس کنسورشیم کے حوالے کردیا گیا ہے۔
روٹس تین سال تک اسٹینڈرڈ بینک کی سربراہی میں کنسورشیم کے پاس رہیں گے۔
قومی ایئر لائن کی سعودی عرب کے تمام روٹس پرحاصل ہونے والی آمدنی بینکوں کو ادا کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق قرضے کی رقم ملازمین کی تنخواہوں،فیول کمپنیوں ودیگر واجبات، طیاروں کی منٹینس اور پرزوں کی خریداری پر صرف کی جائے گی۔