لاہور : پی آئی سی میں حملے کے دوران جان کی بازی ہارنے والے محمد بوٹا کےاہل خانہ کو دس لاکھ روپے کا امدادی چیک دے دیا گیا، وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے امدادی چیک اہلخانہ کے حوالے کیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیا لوجی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے باعث اسپتال میں داخل مریضوں کی ہلاکت پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو امدادی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔
جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے دس لاکھ روپے کا امدادی چیک متوفی محمد بوٹا کے لواحقین کو دیا، اس موقع پر وزیرصحت نے محمد بوٹا کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا۔
مزید پڑھیں : پی آئی سی حملہ: 2 مقدمات درج، 7 مریض دم توڑ گئے
یاسمین راشد نے کہا کہ ماضی میں وکلاگردی کی اتنی بدترین مثال نہیں ملتی، پی آئی سی میں ہنگامہ آرائی سے مالی وجانی نقصان ہوا، پانچ سو کے قریب مریضوں کو ہنگامی بنیادوں پر دوسرے اسپتال شفٹ کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: پی آئی سی ہنگامہ آرائی، جاں بحق مریضوں کے لواحقین کیلئے مالی امداد کا اعلان
صوبائی وزیر صحت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وکلابرادری بھی پی آئی سی حملے پر شرمندہ ہے، ہم وکلا کے تشدد کا نشانہ بننے والے ڈاکٹرز، مریضوں اور صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔