لندن: انگلینڈ کے سابق آل راؤنڈر کیون پیٹرسن نے پاک بھارت سیریز پر اپنی رائے کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد 20 مارچ کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹویٹر پیغام کے ذریعے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا جس کے ردعمل میں کیون پیٹرسن نے ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ نریندر مودی کی عمران خان کو لکھی گئی ٹویٹ سے مجھے خوشی ہوئی۔
کیون پیٹرسن نے اپنے پیغام میں لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے میدان میں اور باہر اکٹھے ہونے کے خواب کو تعبیر مل سکے گی، اس سال نے ہمیں دکھا دیا کہ ہم سب کو ایک دوسرے کی ضرورت ہے۔
سابق انگلش آل راؤنڈر نے دونوں ملکوں کے درمیان اچھے تعلقات آگے بڑھنے اور پاک بھارت سیریز کی امید بھی ظاہر کی۔
This tweet by @narendramodi to @ImranKhanPTI made me smile!
It would be a dream come true, to see India & Pak reunited and engaging both on & off the field!
We all need each other & this year has shown us that!Let’s all hope a healthy friendship is on its way!
— Kevin Pietersen🦏 (@KP24) March 24, 2021
واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے وزیراعظم عمران خان کے لئے ٹوئٹر پر نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا جبکہ یوم پاکستان کے موقع پر بھی نریندر مودی نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا تھا۔
یوم پاکستان پر وزیراعظم عمران خان کے نام بھارتی ہم منصب نریندر مودی نے خط میں پاکستانی عوام کو مبارکباد دی تھی، نریندر مودی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتے ہیں، اس کے لئے دونوں ممالک کے مابین کشیدگی اور دہشت گردی سے پاک اعتماد سازی کی فضا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک بھارت سیریز کی خبریں گردش کررہی تھیں تاہم پی سی بی یا بی سی سی آئی کی جانب سے اس کی کوئی وضاحت جاری نہیں کی گئی ہے۔