فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے عبداللہ پل پر کبوتر بازی کا مقابلہ خوں ریز جھگڑے میں تبدیل ہو گیا، فریقین میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں کبوتر بازی کے جھگڑے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، حملہ آور فائرنگ کر کے موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔
تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے عبداللہ پل کے رہائشی اچھو گروپ اور یونس گروپ کے مابین پیر کی صبح کبوتروں کی بازی پر جھگڑا ہو گیا تھا۔ اس رنجش پر رات کو اچھو گروپ کے موٹر سائیکل سوار مبشر، قاسم، مدثر، ٹوڈی، بھالو سمیت 8 افراد نے یونس کے گھر جا کر فائرنگ کر دی۔
جان کی پروا کیے بغیر جلتا ٹینکر چلا کر آبادی سے دور لے جانے والا بھی دم توڑ گیا
گولیاں لگنے سے یونس، اس کی بیوی کنیزاں، شفاقت اور ناصر زخمی ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں 2 حملہ آور مبشر اور قاسم بھی زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو جنرل اسپتال سمن آباد منتقل کیا، جہاں کنیزاں اور مبشر دم توڑ گئے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے بروقت کارروائی نہ کر کے نقصان کو بڑھنے دیا۔
ادھر گوجرانوالہ میں اڑتالی ورکاں میں سابقہ رنجش پر فائرنگ سے 3 افراد قتل اور 2 زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔