کراچی : سندھ حکومت کی جانب سے محرم الحرام میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، پابندی کا اطلاق صوبے بھر میں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محرم الحرام کے حفاظتی اقدام کے پیش نظر سندھ حکومت کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی آٹھ تا دس محرم تک ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھرمیں اسلحے کی نمائش، لاؤڈاسپیکر کے بلااجازت استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دل آزار تقاریر اور وال چاکنگ پر بھی دفعہ ایک سوچوالیس نافذ ہے جبکہ اس دوران ہیلی کیم کے استعمال پر بھی پابندی عائد رہے گی۔
ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق تین روز کے لیے ہوگا، دیگر احکامات پر یکم تا دس محرم پابندی ہوگی، پابندی کا اطلاق صحافیوں، خواتین اور بزرگوں پر نہیں ہوگا۔
سندھ حکومت کی جانب سے محرم الحرام کے مہینے میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے ڈبل سواری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔