اسلام آباد: سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صحت بہ تدریج بہتری کی جانب گام زن ہے، ڈاکٹرز نے ان کی میڈیکل رپورٹس تسلی بخش قرار دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے قیدی نواز شریف کے کلینیکل ٹیسٹ کی رپورٹس ڈاکٹرز کو موصول ہوگئیں، بیش تر ٹیسٹوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی رپورٹس عارضۂ قلب اور امراضِ گردہ سے متعلق ہیں، نواز شریف کے خون میں پروٹین کی مقدار نارمل ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹس میں نواز شریف کا کولیسٹرول، یوریا اور اے ایل ٹی لیول نارمل ہے، ہیمو گلوبن اور پلیٹ لیٹس کی مقدار بھی نارمل آئی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز کے میڈیکل بورڈ نے موصول شدہ رپورٹس کو تسلی بخش قرار دے دیا ہے، ٹیسٹوں کے نتائج نواز شریف کے ذاتی معالج کو بھی فراہم کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں طبیعت کی اچانک خرابی کے باعث نواز شریف کو پمز اسپتال کے شعبۂ امراضِ قلب منتقل کر دیا گیا تھا، جہاں ان کے پرائیویٹ وارڈ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔
میڈیکل بورڈ کے سربراہ کو دل کا دورہ پڑ گیا
دوسری طرف ذرائع نے خبر دی ہے کہ پمز اسپتال کے 5 رکنی میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر اعجاز قدیر کو دل کا دورہ پڑ گیا ہے اور وہ کل رات سے علیل ہیں۔
نوازشریف اڈیالہ سے پمز اسپتال منتقل، شعبہ امراض قلب کا پرائیویٹ وارڈ سب جیل قرار
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اعجاز قدیر کو دل کا دورہ کل رات کو پڑا، انھیں پمز اسپتال کے کارڈیک سینٹر کے سی سی یو وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر اعجاز قدیر اڈیالہ جیل کے قیدی نواز شریف کا معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ کے سربراہ ہیں، یہ پانچ رکنی طبی بورڈ نواز شریف کی صحت کی دیکھ بھال کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔