پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کی پہلی اننگ جاری ہے لٹن داس اور مہدی حسن مرزا نے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج تیسرے دن کا ابتدائی پہلا گھنٹہ بنگلہ دیش کے لیے انتہائی خوفناک ثابت ہوا اور 26 رنز پر 6 بلے باز پویلین لوٹ گئے۔
خرم شہزاد نے اوپننگ جوڑی ذاکر حسن (1)، شادمان اسلام (10)، کپتان نجم الحسن شنتو (4) اور شکیب الحسن (2) کی وکٹیں حاصل کیں جب کہ میر حمزہ نے کہ پہلے ٹیسٹ میچ کے ہیرو مشفق الرحمان کو صرف تین رنز پر محدود کرنے کے ساتھ مومن الحق کو بھی ایک رن پر چلتا کیا۔
26 رنز پر بنگلہ دیش کی چھ وکٹیں گرنے اور تمام مستند بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد مہمان ٹیم کے فالو آن کا خدشہ ہونے لگا تھا لیکن وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس اور آل راؤنڈر مہدی حسن میراز نے بنگلہ دیش کی ڈوبتی نیا کو سہارا دیا۔ دونوں نے نہ صرف اپنی ٹیم کو فالو آن کے خطرے سے نکالا بلکہ ساتویں وکٹ کے لیے 165 رنز کی پارٹنر شپ قائم کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔
چائے کے وقفے کے بعد مہدی حسن 78 رنز بنا کر خرم شہزاد کا پانچواں شکار بنے جب انہوں نے تسکین احمد کو بھی ایک رن پر چلتا کیا۔
193 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے باوجود لٹن داس بدستور ڈٹے رہے اور شاندار سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 171 رنز پر سنچری بنائی اور اس وقت 130 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے حسن محمود کے ساتھ مل کر نویں وکٹ کے لیے اب تک 60 رنز بنا لیے ہیں جس میں حسن محمود کا حصہ 10 رنز ہے۔
بنگلہ دیش کا اسکور 8 وکٹوں پر 253 رنز ہے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگ کی برتری ختم کرنے کے لیے اب صرف 21 رنز درکار ہیں۔
اس سے قبل میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرے روز پاکستان ٹیم 274 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان شان مسعود، صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے نصف سنچریاں اسکور کیں تاہم کوئی بلے باز لمبی اننگ نہ کھیل سکا۔ بابر اعظم کی ناکامی کا سلسلہ ایک بار پھر دراز ہوگیا اور وہ اپنی اننگ کو 31 رنز سے آگے نہ بڑھا سکے جب کہ محمد رضوان بھی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے میں مہدی حسن میراز کا اہم کردار رہا جنہوں نے 61 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ تسکین احمد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ شکیب الحسن اور نہید رانا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل ہے۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے پاکستان کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے تاریخی فتح حاصل کی تھی۔
پاکستان کو سیریز بچانے کے لیے اس میچ میں لازمی فتح درکار ہے۔ بے نتیجہ میچ بھی بنگلہ دیش کو سیریز کا فاتح بنا دے گا جب کہ مہمان ٹیم کی جیت پاکستان کو بنگلہ دیش سے ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کی ہزیمت سے دوچار کر سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاک، بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور پہلے میچ میں شکست کے بعد پاکستان ٹیم پوائنٹ ٹیبل پر 8 ویں رینکنگ پر چلی گئی ہے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کی جگہ میر حمزہ کو شامل کیا گیا ہے جب کہ اسپنر ابرار احمد بھی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔