پیر محل میں بارات میں نوٹوں کے ساتھ موبائل فونز کی برسات کی گئی جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
پنجاب کے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیر محل کے نواحی علاقے سے آنے والی بارات میں ٹرک کے ذریعے لاکھوں روپے اور موبائل فونز نچھاور کیے گئے۔
پیر محل کے نواحی گاؤں 680/21 گابے سے نوجوان کی بارات دس کلو میٹر کا سفر طے کرکے پیر محل پہنچی تو پورے راستے میں نوٹ اور موبائل فونز برسائے گئے۔
باراتیوں کی جانب سے سیکڑوں کی تعداد میں موبائل فونز پھینکے گئے جنہیں لوٹنے کے لیے لوگوں کا ہجوم لگ گیا۔
واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں منڈی بہاؤ الدین میں مقامی تاجر کی شادی کی تقریب کے دوران نوٹوں کی بارش کردی گئی تھی، باراتیوں میں موبائل فونز بھی تقسیم کیے گئے تھے۔
شادی کی تقریب میں دولہا کے دوست اور عزیز و اقارب میرج ہال کی چھت سے کافی دیر تک نوٹ نچھاور کرتے رہے تھے۔
فضا میں ہر طرف کرنسی نوٹ اڑتے دکھائی دیے تھے، لوگ نوٹ سمیٹنے کے لیے بانسوں پر جال لگا کر پہنچ گئے تھے۔
یاد رہے کہ مقامی تاجر کی بارات پھالیہ روڈ پر واقعے میرج ہال میں ہوئی تھی۔