کراچی: شہر قائد کے علاقے گلبرک میں سادہ لباس اہلکاروں نے مبینہ چھاپہ مارا اور شہری کو زبردستی حراست میں لینے کے بعد تشدد کر کے چھوڑ دیا۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز افضل خان کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں واقع گلبرک ٹاؤن میں ایک شہری کے گھر پر سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے گزشتہ رات چھاپہ مارا۔
سادہ لباس اہلکاروں نے گھر کا دورازہ بجایا اور جب کوئی جواب نہیں آیا تو دروازہ توڑ کر زبردستی گھر میں داخل ہوئے اور وہاں سے ایک شخص کو اٹھا کر اپنے ہمراہ لے گئے۔
مذکورہ اہلکاروں نے متعلقہ تھانے میں بھی کارروائی کی کوئی اطلاع نہیں دی۔ گلبرک ٹاؤن تھانے کی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ چھاپہ ممکنہ طور پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کی جانب سے مارا گیا جس کے نتیجے میں محمد کامل نامی شہری کو گھر سے حراست میں لیا گیا‘۔
ذرائع کے مطابق سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لیے گئے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اُسے چند گھنٹوں کے بعد محمد علی جناح روڈ (ایم اے جناح روڈ) کے قریب چھوڑ کر چلے گئے۔
متاثرہ شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ ’سادہ لباس اہلکار گھر سے 70 ہزار روپے، موبائل فون لے کر گئے‘۔ یاد رہے کہ آئی جی سندھ نے پولیس کے تمام محکموں کو کراچی میں چھاپہ مار کارروائیوں سے منع کر رکھا ہے۔