کراچی : طیارہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ پر پائلٹس اور ایئرٹریفک کنٹرولرز کی عالمی تنظیموں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات پر قبل از وقت رائے قائم نہ کی جائے، رپورٹ کو الزام اور بہتان تراشی کے لیے استعمال کرنا ٹھیک نہیں۔
تفصیلات کے مطابق پائلٹس اور ایئرٹریفک کنٹرولرز کی عالمی تنظیموں نے طیارہ حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
آئی ایف آئی پی اور آئی ایف اےٹی سی نامی عالمی تنظیموں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ کو الزام اور بہتان تراشی کے لیے استعمال کرنا ٹھیک نہیں۔
عالمی تنظیموں کا کہنا ہے کہ فضائی حادثات کی تحقیقات کا مقصد سانحات سے بچانا ہوتا ہے، فضائی حادثے کی رپورٹ پر انتظامی، تنظیمی یا عدالتی کارروائی نہیں کی جاسکتی، فضائی حادثےکی جاری تحقیقات پرعبوری رپورٹ سےاثرات پڑسکتے ہیں۔
مشترکہ بیان میں تنظیموں کے عہدیداران کا مزید کہنا ہے کہ کاک پٹ کی ریکارڈنگ کو تیکنیکی معاونت کے علاوہ استعمال نہ کیا جائے، حادثے کی وجوہات پر قبل از وقت رائے قائم نہ کی جائے، متعلقہ اتھارٹیز اور میڈیا کو تحقیقات مکمل ہونے کا انتظار کرنا چاہیے۔