یورپی ملک لتھوانیا میں ایک کارگو طیارہ ایئرپورٹ پہنچنے سے قبل اچانک ایک گھر میں گر کر تباہ ہو گیا، واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں طیارے کی تباہی کا دل دہلا دینے والا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لتھوانیا میں DHL کا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہونے سے ایک پائلٹ ہلاک، اور 3 افراد زخمی ہو گئے ہیں، مقامی حکام کا کہنا تھا کہ پیر کی صبح دارالحکومت وِلنیئس کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب طیارہ ایک گھر میں گر کر حادثے کا شکار ہوا۔
طیارے نے جرمنی سے اڑان بھری تھی، جسمیں دو پائلٹ اور کمپنی کے دو ملازمین سوار تھے، دو منزلہ عمارت سے ٹکرانے کے بعد طیارے میں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی تھی، حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
حادثے میں ہسپانوی پائلٹ ہلاک ہوا، جب کہ عمارت میں موجود 12 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، ایک قریبی کمپنی کی سی سی ٹی وی کیمرے نے طیارے کی تباہی کا ہولناک منظر ریکارڈ کیا، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئرپورٹ کے قریب پہنچتے ہی طیارہ معمول کے مطابق نیچے اترا اور پھر ایک عمارت میں گر کر ایک بڑے گولے کی صورت میں پھٹ گیا۔
لتھوانیا کے وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا کہ طیارہ اگرچہ رہائشی علاقے میں گرا لیکن خوش قسمتی سے مقامی آبادی میں جانی نقصان نہیں ہوا۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں ڈی ایچ ایل کمپنی کے ٹریڈ مارک پیلے رنگ میں طیارے کے ٹکڑے جابجا بکھرے دیکھے جا سکتے ہیں۔