کراچی: شہرقائد میں پیش آنے والے طیارہ حادثے سے متعلق جائزہ لینے کے لیے پاکستان انٹرنیشل ایئرلائن(پی آئی اے) کی 7 رکنی تفتیشی ٹیم نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی تفتیشی ٹیم نے وقوعہ پر نقصان کا جائزہ لے رہی ہے، ٹیم نے حادثے سے متعلق دیگر پہلوؤں پر غور کیا، تفتیشی ٹیم نے اپنی کارروائیاں بھی تیز کردی ہیں۔
جدید آلات سے لیس ٹیم بلڈنگ میٹریل کا جائزہ لے رہی ہے، حادثے کے نتیجے میں تباہ شدہ عمارتوں کے اسٹرکچر کو جانچا جائے گا، جائزہ لیا جائے گا کتنی عمارتیں جزوی اور کتنی مکمل تباہ ہوئیں۔ 7رکنی ٹیم جائے وقوعہ پر نقصانات کا تخمینہ لگائے گی، پی آئی اے اور سی اے اےسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی ٹیمیں مشترکہ کام کررہی ہیں۔
جبکہ حتمی رپورٹ وفاقی حکومت کےحوالے کی جائے گی۔ اب تک 59 لاشوں کے ڈی این اے لے لیے گئے ہیں۔ جبکہ جائے حادثہ کے اطراف سیکیورٹی سخت ہے، حادثے کے مقام پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی۔
ایدھی مردہ خانے میں 35 اور چھیپاسرد خانے میں 24لاشیں موجود ہیں۔
طیارہ حادثہ؛ ایئربس انتظامیہ کا تحقیقات میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کا اعلان
دوسری جانب طیارہ سانحہ سے متعلق تحقیقات کے لیے ایئربس کمپنی کی ٹیم آج فرانس سے کراچی پہنچے گی۔ ٹیم کو پی آئی اے ہیڈ آفس میں بریفنگ دی جائے گی۔ فرانسسی ٹیم ماڈل کالونی میں جائے حادثہ کا دورہ کرے گی۔
ٹیم حادثہ کی تحقیقات پر مامور ٹیم کی معاونت سے ملبے سے شواہد بھی اکٹھا کرے گی، طیارہ سازکمپنی ایئربس کے نمائندے جائے حادثہ اور رن وے کا دورہ کریں گے، ٹیم کو رن وے پر لگے کیمرے کی ریکارڈنگ بھی دکھائی جائے گی۔
ایئربس ٹیم تحقیقات کے لیے درکار مواد کے ساتھ26مئی کو واپس فرانس روانہ ہوگی۔ سی اے اے نے ٹیم کے خصوصی طیارے کو ایئرپورٹ لینڈنگ کی اجازت دی تھی۔