برطانیہ میں ایک مسافر دوران سفر ماسک پہننے کی تاکید پر اس قدر سیخ پا ہوا کہ فلائٹ اٹینڈنٹ کو ٹکر دے ماری، طیارہ لینڈ ہونے پر مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔
کرونا وائرس کی وبا کے آغاز سے ماسک پہننے کو اسے پھیلنے سے روکنے کے لیے نہایت ضروری قرار دیا گیا ہے، تاہم کچھ افراد غیر ذمہ دارانہ رویہ اپناتے ہوئے نہ صرف ماسک پہننے سے گریز کرتے ہیں بلکہ اس کی تاکید کیے جانے پر پرتشدد ہوجاتے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ آئر لینڈ کی ریان ایئر کی فلائٹ میں پیش آیا جو انگلینڈ کے شہر مانچسٹر جارہی تھی۔
25 سالہ مسافر ڈینیئل ہینڈری کو فلائٹ اٹینڈنٹ کی جانب سے ماسک پہننے کی تاکید کی گئی تو شراب کے نشے میں بدمست شخص ہتھے سے اکھڑ گیا، ڈینیئل نے پہلے اشتعال انگیز نازی سیلیوٹ کیا اس کے بعد فلائٹ اٹینڈنٹ کو ٹکر دے ماری۔
اس دوران ڈینیئل نازیبا زبان کا بھی استعمال کرتا رہا جبکہ ایک ایئر ہوسٹس کا بازو بھی پکڑ کر کھینچا، اس کی حرکتوں سے طیارے میں خوف کی فضا پیدا ہوگئی۔
کچھ دیر بعد طیارہ جیسے ہی اپنی منزل مانچسٹر ایئرپورٹ پر لینڈ ہوا اسے گرفتار کرلیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافر نے طیارے میں بے چینی پیدا کردی جس کی وجہ سے پائلٹ نے طیارے کی رفتار بڑھا دی اور مقرر کردہ وقت سے 25 منٹ پہلے لینڈ کرگیا، یہ کسی حادثے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔