جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافے کا منصوبہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئٹہ تافتان ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے، اس پراجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان ریلوے کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اہم بات چیت کی گئی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کوئٹہ، تافتان ریل ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کے حوالے سے فیزیبلیٹی اسٹڈی مکمل کر چکا ہے، اس ٹریک کی اپ گریڈیشن پر 112 ارب روپے خرچ ہوں گے۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا اس ٹریک کے منصوبے کی تکمیل سے پاکستان اور ایران کے درمیان مسافروں کی آمد و رفت اور تجارت میں اضافہ ہوگا۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت منظور ہونے والے ایم ایل ون منصوبے سے پاکستان میں ریل کا انقلاب آئے گا، میری خواہش ہے کہ سی پیک منصوبے کے تحت پاکستان اور ایران کے درمیان ریل تعاون کو زیادہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔

ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے اس موقع پر کہا کہ اکنامک کوآرڈینیشن آرگنائزیشن (ای سی او) کے تحت پاکستان، ایران اور ترکی فریٹ ٹرین کے حوالے سے کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان ریلوے اور ایران ریل کے درمیان شراکت داری کے باہمی منصوبوں میں تیزی لانے کے لیے چیئرمین ریلوے کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے، دریں اثنا، ایرانی سفیر نے شیخ رشید کو ایران کے وزیر ٹرانسپورٹ محمد اسلامی کا تہنیتی پیغام بھی پہنچایا۔

Comments

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں