وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پلاسٹک، خطرناک فضلہ دریاؤں، لینڈ فلز اور ہوا کو بری طرح سے متاثر کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے زیرو ویسٹ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کرہ ارض کے صاف ستھرے، صحت مند اور پائیدار مستقبل کیلئے پُرعزم ہے، فضلے کی آلودگی سنگین بحران، ماحول، صحت اور معیشت کیلئے بڑا خطرہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہری آبادی میں اضافہ، صنعتی ترقی کےساتھ کچرے کے انتظام کیلئے پائیدار حل اپنانا ہوگا، پائیدارحل سے ماحول کی حفاظت کے ساتھ معاشی، سماجی ترقی میں اضافہ ہوگا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی اثرات کم کرنے کیلئے مصنوعات کی ماحول دوست تیاری کیلئے پُرعزم ہے، حکومت نے فضلے کی آلودگی سے نمٹنے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں۔
پلاسٹک ویسٹ مینجمنٹ ایکشن پلان صرف ایک بار قابل استعمال پلاسٹک کو ختم کررہا ہے، شہری گھروں میں پیدا ہونے والا فضلہ کم، ری سائیکل کریں اور کمپوسٹ بنائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کاروبار پائیدار پیداوار کی طرف منتقل اور فضلے میں کمی لانی چاہیے، ضلعی حکومتوں کو فضلہ جمع کرنے، ری سائیکلنگ کی سہولتوں میں اضافہ کرنا چاہیے۔