لاہور: پلے بیک سنگر اے نیئر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے علالت کا شکار تھے۔
تفصیلات کے مطابق لالی ووڈ کے معروف پلے بیک سنگر اے نیر انتقال کرگئے، ان کی عمر 66 برس تھی اور وہ طویل عرصے سے علالت کا شکار تھے، مرحوم کے سوگواروں میں بیوہ اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
اے نیر نے 1974ء میں گلوکاری کا آغاز کیا، بہترین گلوکاری پر انہوں نے پانچ بار نگار ایوارڈ بھی حاصل کیا، چار ہزار دو سو گیت گائے
ان کے مشہور گانوں میں ’’میں تو جلا ایسا جیون بھر کیا کوئی دیپ جلا ہوگا‘‘، ’’ملے دو ساتھی کھلی دو کلیاں‘‘،’’ ہم اور تم تم اور ہم‘‘ ، ’’اک بات کہوں دل دارہ‘‘، ’’جنگل میں منگل‘‘،’’کرتا رہوں گا یاد تجھے میں ہونہی صبح و شام اور دیگر شامل ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے نمائندے نعیم حنیف کے مطابق اے نیئر نے انہیں خود بتایا تھا کہ گلوکار نے پرائیڈ آف پرفارمنس کے لیے کئی باراپلائی کیا تاہم انہیں ایوارڈ نہیں دیا گیا۔
اے نیئر مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گے، وزیراعظم کا اظہار افسوس
وزیراعظم نواز شریف نے اے نیئر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ فن موسیقی کے فروغ میں مرحوم کی خدمات قابل تحسین ہیں،وہ مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔