جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

فخر زمان نے پاکستان ٹیم کا بڑا مسئلہ حل ہونے کی نوید سنا دی

اشتہار

حیرت انگیز

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کا میلہ فخر زمان نے لوٹ لیا اور 363 رنز بنا کر مین آف دی سیریز رہے ساتھ ہی انہوں نے قومی ٹیم کا بڑا مسئلہ ہونے کی نوید بھی سنا دی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا میلہ فخر زمان نے لوٹ لیا اور 363 رنز بنا کر مین آف دی سیریز قرار پائے ہیں۔

سیریز کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو مڈل آرڈر کا جو مسئلہ درپیش تھا وہ حالیہ سیریز میں حل ہوگیا ہے۔

فخر زمان نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور کراچی میں جو غلطیاں ان سے بیٹنگ میں ہوئیں وہ انہیں جلد از جلد بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستانی اوپنر نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں لگاتار دو سنچریاں جڑیں اور ان کا بہترین اسکور 180 رنز ناٹ آؤٹ رہا۔ پانچ اننگز میں ایک بار ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے انہوں نے 90.75 کی اوسط سے 363 رنز بنائے۔

کپتان بابراعظم سیریز کے آخری اور کیریئر کے سنچری ون ڈے میچ میں صرف ایک رن بناکر میدان بدر ہوئے تاہم سیریز میں مجموعی طور پر انہوں نے 276 رنز اسکور کیے جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی بہترین کاوش 107 رنز رہی۔

اوپنر امام الحق کو تین میچوں میں موقع ملا جس میں انہوں نے دو نصف سنچریوں کی مدد سے 174 رنز جوڑے۔ محمد رضوان نے پانچ میچوں میں 161 جب کہ آغا سلمان نے چار میچوں میں 153 رنز اسکور کیے۔

بولنگ کے شعبے میں پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف سب سے آگے رہے جنہوں نے نیوزی لینڈ کی 9 وکٹیں اڑائیں، شاہین شاہ آفریدی نے 8 شکار کیے۔ محمد وسیم اور اسامہ میر نے 6، 6 پلیئرز کو میدان بدر کیا، نسیم شاہ اور ایڈم ملن نے 5،5 وکٹیں اڑائیں، شپلے نے 4 جبکہ شاداب خان نے 3 وکٹیں لیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں