دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بابراعظم نے آج شاندار اننگز کھیلی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 47 رنز سے شکست دے کر وائٹ واش کردیا۔
سرفراز احمد نے کہا ہے کہ شاداب خان نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کھلاڑیوں نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث جیت مقدر بنی۔
ان کا کہنا تھا کہ 6 میچوں سے پرفارمنس بہت شاندار ہے، پاکستان کے لیے کھیلتے ہیں اور ریکارڈ بناتے ہیں بہت اچھا لگتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ون ڈے سیزیز میں بھی اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
ٹی ٹوینٹی سیریز: پاکستان نے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کو بھی وائٹ واش کردیا
خیال رہے کہ آج کیویز 167 رنز ہدف کے تعاقب میں 119 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کپتان ولیم سن کے 60 رنز کی اننگز کے علاوہ کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، سرفراز الیون نے تینوں فارمیٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے تین وکتیں حاصل کیں، عماد وسیم نے دو اور ڈیبیو کرنے والے وقاص مقصود نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ فہیم اشرف کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔