کراچی: فاسٹ بولر محمد عامر نے اعتراف کیا ہے کہ کم بیک کرنے کے بعد تینوں فارمیٹ کھیلنا غلطی تھی۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے سابق کرکٹر عتیق الزمان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپاٹ فکسنگ کی سزا کے بعد کرکٹ میں واپسی کے دوران تینوں فارمیٹ کھیلنا بڑی غلطی تھی۔
پانچ سالہ پابندی کے دوران کرکٹ نہ کھیلنے والے محمد عامر نے امید ظاہر کی کہ وہ اب مزید 6 سال تک کرکٹ کھیلیں گے۔
28 سالہ فاسٹ بولر نے نوجوان فاسٹ بولرز کو مشورہ دیا کہ وہ ان کی طرح غلطی نہ کریں اور اپنی فٹنس کو دیکھتے ہوئے ایک یا دو فارمیٹ کا انتخاب کریں۔
محمد عامر نے کہا کہ نوجوان پیسرز کو چاہئے کہ وہ پہلے ایک یا دو فارمیٹ میں خود کو ثابت کریں اور اگر وہ خود کو اس قابل سمجھیں کہ تینوں فارمیٹ کھیل سکتے ہیں تو پھر اس میں کوئی ہرج نہیں ہے۔
لیفٹ آرم پیسر نے کہا کہ تیز رفتار فاسٹ بولرز کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ غلط فیصلہ ان کے کیریئر کو پروان چڑھنے سے روک سکتا ہے۔
محمد عامر نے کہا کہ تمام فارمیٹس میں واپس آنے کا غلط فیصلہ کرنے کے بعد مجھے دو سال بعد دشواری کا سامنا کرنا پڑا، میں 2018 میں انجری کا شکار ہوگیا تھا، اس وجہ سے خود کو سفید بال کرکٹ تک محدود کردیا۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ اب مجھے امید ہے کہ میں اپنے کیریئر میں تقریباً 5 یا 6 سال تک توسیع کرسکتا ہوں۔
واضح رہے کہ محمد عامر نے 36 ٹیسٹ، 61 ون ڈے انٹرنیشنل اور 48 ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں ملکی نمائندگی کی اور تینوں فارمیٹ میں بالترتیب 119وکٹیں، 81 وکٹیں اور 59 وکٹیں حاصل کی ہیں۔