کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 7 کو عالمی وبا کرونا سے بچانے کے لئے نئی پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کردیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں کرونا کے پیش نظر پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کردی گئی ہے جو کہ مندرجہ ذیل ہے۔
کسی کھلاڑی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ نے کی صورت میں مذکورہ ٹیم ٹیکنکل کمیٹی کی اجازت سے ریزرو پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کرسکتی ہے۔
کسی ٹیم کے کم ازکم 13 کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کا میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔
پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ایک ایمرجنگ کرکٹر سمیت پلیئنگ الیون میں کم از کم 7 اور زیادہ سے زیادہ 8 مقامی کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں تاہم کووڈ 19 کا شکار ہونے کی صورت میں ٹیم کو سارے مقامی کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارنے کی اجازت ہوگی۔
پلیئنگ کنڈیشنزمیں کی گئی ترامیم کے مطابق فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہوگا کہ وہ اننگز کے انیس اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30 یارڈ کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔
فائنل کے لیے ایک دن ریزرو رکھا گیا ہے، ریزرو ڈے پر بھی میچ مکمل نہ ہوسکا تو 30 لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اوپر رہنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائےگا اس بار ٹی وی امپائرباؤلر کی نوبال بھی دیکھے گا۔
واضح رہے کہ ایونٹ 27 جنوری سے 27 فروری تک کراچی اور لاہور میں کھیلا جائے گا، پہلے میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز آمنے سامنے ہونگی۔